(ویب ڈیسک) دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے معروف گلوکارہ شکیرا کو اپنی بیوی کہنے والے اور ان کا پیچھا کرنے والے خبطی شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ڈینئیل جون والٹر نامی شخص کو پولیس نے پیر کی صبح گرفتار کیا جب وہ پاپ اسٹار شکیرا کو متواتر تحائف بھیجنے کے بعد میامی بیچ میں واقع ان کے گھر پہنچ گئے تھے۔
56 سالہ ڈینیئل جون والٹر نے شکیرا کے ساتھ اپنے ’’تعلق‘‘ کے بارے میں متعدد سوشل میڈیا پوسٹس بھی اپ لوڈ کی تھیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈینیئل پر ٹیکسی کا 70 ڈالر کا کرایہ ادا نہ کرنے پر دھوکہ دہی اور گاڑی کا پیچھا کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
کولمبین گلوکارہ کی سیکیورٹی ٹیم نے پہلے ہی پولیس کو سوشل میڈیا پوسٹس کے حوالے سے آگاہ کردیا تھا جو والٹر نے گلوکارہ کے حوالے سے کی تھیں
شکیرا کی ٹیم نے جنونی شخص کو یہ بھی کہا تھا کہ وہ گلوکارہ کو تحائف بھیجنا اور ایسی پوسٹس کرنا بند کر دے، جس میں ان کے بچوں کے حوالے سے بے بنیاد دعوے کیے گئے تھے۔
والٹر کی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں شکیرا کے گھر کی طرف جانے اور فلوریڈا کے ایک موٹل کا ذکر کیا گیا تھا جس کے باعث ادکارہ کی سیکیورٹی ٹیم کو تشویش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:عامر میر نے ضرورت مند فنکاروں کو بڑا ریلیف دے دیا
بعد ازاں پولیس نے خبط الحواس شخص کو شکیرا کے گھر کے پاس سے گرفتار کرلیا گیا, عدالت میں، استغاثہ نے50 ہزار ڈالرز کے عوض مذکورہ شخص کی ضمانت کی درخواست کی تھی۔
جج نے جنونی شخص کو شکیرا اور اس کے گھر سے دور رہنے کا حکم دیا جس پر والٹر نے جج کو کہا کہ "شکیرا میری بیوی ہے، میں ہر وقت اس سے بات کرتا ہوں۔"
اس پر جج کا کہنا تھا کہ " وہ تمہاری بیوی نہیں ہے اور مجھے تمہارے حوالے سے کافی خدشات ہیں کیونکہ تم ایک خبط الحواس شخص ہو",جج نے فوری طور پر اس کے ضمانتی بانڈ کو دوگنا کرتے ہوئے ایک لاکھ ڈالرز کردیا۔