(ویب ڈیسک)مصر میں شیر خوار بچی کی موت کا ذمے دار بلی کو قرار دینے والی ماں ہی اپنی بیٹی کی قاتل نکلی۔
مصر میں شیر خوار بچی کی موت کا المناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس میں 6 ماہ کی شیر خوار بچی کی قاتل کوئی اور نہیں بلکہ اس کی ماں ہی نکلی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کی شمالی کمشنری الدقھلیہ کے علاقے الخضیری میں ایک بچی کی ہلاکت کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 6 ماہ کی بچی بلی کے حملے میں ہلاک ہوئی ہے۔
سیکیورٹی حکام نے رپورٹ ملنے پر بچی کی لاش کو دیکھا تو اس کی گردن کٹی ہوئی اور پورا جسم زخمی تھا تاہم جب تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ یہ بچی کسی بلی کے حملے میں جان سے نہیں گئی بلکہ اسے اس کی ماں نے ہی قتل کیا ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران بچی کی والدہ نے اعتراف بھی کر لیا کہ اس نے ہی اپنی بیٹی کو مارا ہے جس کے بعد پولیس نے بچی کی والدہ نورہ کو گرفتار جبکہ بچی کی لاش منیہ النصر سینٹرل اسپتال منتقل کر دیا۔
ملزمہ کے شوہر نے کہا ہے کہ بچی کی ہلاکت پر اہلیہ نے مجھے بلی کے حملے کی کہانی سنائی تھی جس پر مجھے یقین نہیں آیا تھا کیونکہ ان کی اہلیہ نے اس سے قبل ایک تالاب میں بچی کو پھینکنے کی بھی کوشش کی تھی جس کو آخری لمحات میں اسے بچا لیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:مصنوعی ذہانت کا مستقبل کیا ہے؟اہم پیشگوئیاں آگئیں
بچی کے والد نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ڈیڑھ سال سے ذہنی مرض میں مبتلا ہے اور وہ ہمیشہ خاندان کے کسی نہ کسی فرد سے جھگڑا کرتی رہی ہے۔ وہ گھنٹوں اونچی آواز میں خودکلامی کرتی رہتی تھی اور اس کا دعویٰ ہے کہ اس کے کان میں عجیب و غریب آوازیں آتی ہیں۔
شوہر نے یہ بھی بتایا کہ بیوی پر اثرات ہونے کا شک تھا جس کی وجہ سے اس کے علاج کے لیے ایک شیخ سے رجوع کیا تھا جب کہ وہ اسپتال میں بھی 28 دن تک زیر علاج رہی۔