(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ میرا جی نے سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ پر اپنے احساسات کا اظہار کردیا۔
سوشل میڈیا پر ہمیشہ تنازعات کا شکار بننے والی میرا جی کو تنازعات کی ملکہ بھی کہا جاتا ہے۔ اُنہیں سوشل میڈیا پر اکثر و بیشتر ٹرولنگ کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، گزشتہ کئی برسوں میں اُنہیں متعدد بار ٹرول کرتے ہوئے ہر قسم کے بُرے تبصروں سے نوازا جاچکا ہے،حال ہی میں میرا جی نجی ٹی وی چینل کے پوڈ کاسٹ کی مہمان بنیں جہاں انہوں نے اپنے اوپر ہونے والی ٹرولنگ پر کھل کر بات کی ، انہوں نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر بھی بات کی اور بتایا کہ وہ کس طرح ان سب چیزوں کو ہینڈل کرتی ہیں ۔
میرا جی کا کہنا تھا کہ بیک وقت سب کو خوش کرنا ناممکن ہے، وہ سب جانتی ہیں کہ انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا لیکن اب وہ اس کی عادی ہوچکی ہیں ، یہ ان کے لیے کوئی نئی بات نہیں رہی،میرا نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نہ ہی وہ ٹی وی دیکھتی ہیں ، نہ ہی ان کے گھر آخبار آتا ہے اور نہ ہی وہ سوشل میڈیا استعمال کرتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ان کا زیادہ تر حلقہِ احباب غیر ملکی ہے تو وہاں یہ سب زیرِ گفتگو نہیں آتا، اب وہ ایسے لوگوں کے درمیان رہتی ہیں جو سوشل میڈیا پر نہیں ہیں اور اس طرح وہ خود کو ہر چیز سے دور رکھتی ہیں۔
مزید پڑھیں: مومنہ مستحسن کے انسٹاگرام سے تمام تصاویر ڈیلیٹ، آخر وجہ کیا بنی؟جانیے
واضح رہے کہ میرا نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کم عمری سے ہی کرلیا تھا، اپنی محنت سے وہ جلد ہی اپنے دور کی سب سے پسندیدہ اداکاراؤں میں سے ایک بن گئیں اور انہوں نے کئی ہٹ فلموں میں اداکاری کی،میرا چند بالی وڈ فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں جس کے بعد سے ان کے حوالے سے کئی خبریں بنتی آئی ہیں جنہیں وہ بھرپور انداز میں نظرانداز بھی کرتی دکھائی دی ہیں۔