(24نیوز)ملک بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے اوربالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔
کشمیر،مری، گلیات اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پرمزید برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے،پنجاب کے کئی شہروں میں آج بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے لاہور،قصور،سیالکوٹ اورنارووال میں بادل برسنے کی نویدسنادی ہے،پاکپتن،ساہیوال،شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاس اینجلس میں خوفناک آگ پر قابو نہ پایاجاسکا،مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی
پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی،دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا اورلاہور کی متعدد پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔
دھند کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے سے 6پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بھی دھند کے ڈیرے رہے اور پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی، موٹر وے ایم2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم3 فیض پور سے درخانہ تک بند کر دی گئی جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر دھند کے باعث داخلہ ممنوع قراردے دیا گیا۔
قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی شدیدمتاثر ہوئی، ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کا مشورہ دیاہے۔