(24 نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم موجودہ وقت کا اہم چیلنج ہے، مسلم دنیا کو اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں ’’ مسلم معاشروں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع‘‘ کے عنوان پر 2 روزہ عالمی کانفرنس کا افتتاح ہوگیا، کانفرنس میں 47 ممالک کے وزرا اور مختلف اداروں کے نمائندے شریک ہیں، کل کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ پر دستخط کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے فوری اور ضروری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر معاشرے میں تعلیم کا حصول ممکن ہے۔ تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہوگا، غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی ممکن بنانی ہوگی۔
مزید پڑھیں:ملالہ یوسفزئی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئیں
انہوں نے کہا کہ اسلام بھی خواتین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو علم حاصل کرنے پر زور دیتا ہے، عالمی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے، کانفرنس میں ملالہ یوسفزئی کی شرکت باعث فخر ہے، ان کی آمد پر ہمیں بے حد خوشی ہوئی ہے، ملالہ ہمت اور عزم کی علامت ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بینظیر بھٹو پاکستان سے اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں، ہماری خواتین بہت بہادر اور ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، ارفع کریم نے آئی ٹی کے شعبے میں نام کمایا۔
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کے دوران عربی جملوں کا استعمال بھی کیا، جس پر شرکا نے انہیں سراہنے کے لیے تالیاں بجائیں۔