رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا خواجہ آصف اور مریم نواز کے بیان پررد عمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انوارالحق) پاکستان تحریک اںصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنمائی اسد قیصر نے خواجہ آصف اور مریم نواز کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ان کی کوشش ہے کہ ہر ممکن طریقے سے مذاکرات کو ناکام بنایا جائے۔
اپنے بیان میں سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے حکومت کے مختلف دعوے آ رہے ہیں، اس حوالے سے بات کرنا چاہتا ہوں،خواجہ آصف اور مریم نواز جس طرح بات کر رہے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ہر ممکن طریقے سے مذاکرات کو ناکام بنایا جائے،ان کا کہنا تھا کہ پھر کہا جاتا ہے کہ عمران خان ٹویٹ کر رہے ہیں،ہم مظلوم پارٹی ہیں، ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو ہمیں اپنے بنیادی حق سے روکا گیا، نہتے شہریوں پر گولیاں چلائی گئیں،9 مئی کے حوالے سے جو رویہ رکھا گیا، اس حوالے سے بھی ہم مظلوم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو ملٹری کورٹس میں سزائیں دی گئیں،سویلین کو کسی صورت ملٹری کورٹس سے سزائیں نہیں ہو سکتی، اس سب کے باوجود عمران خان پر الزام لگایا جا رہا ہے، اس سب کے باوجود ہمارے جو تحفظات اور مطالبات تھے، ان میں کمی کی تاکہ ملک آگے بڑھے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک جن حالات میں چل رہا ہے، آپ کے سرحدات کی جو صورتحال ہے،ملکی معیشت کے جو حالات ہیں، ملک میں مایوسی ہے،ہم نے پاکستان کی خاطر ایک قدم آگے بڑھنے کی کوشش کی ۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں، نہ ہم کسی خوف میں مبتلا ہیں، نہ ہم کسی سے ڈر رہے ہیں اگر ہم نے اپنے تحفظات کو پیچھے کیا ہے تو صرف پاکستان کی خاطر،حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ عمران خان سے ہماری ملاقات کرائی جائے گی، حکومت کی جانب سے اب مختلف حیلے بہانے کیے جا رہے ہیں،ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین کی حکمرانی ہو، ملک میں آزاد عدلیہ ہو ۔
رہنما پی ٹی آئی ہم چاہتے ہیں ملک میں سول سپرمیسی ہو اور مضبوط پارلیمنٹ ہو،ملک کو حقیقی معنوں میں عوام کی مرضی کے مطابق چلایا جائے،ہم ہر صورت میں اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان اس وقت پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا میں بڑا لیڈر بن کر ابھر رہا ہے،جیل میں عمران خان جو صعوبتیں اور مشکلات برداشت کر رہے ہیں، ملک کے لیے کر رہے ہیں،پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ۔
اسد قیصر کامزید کہناتھا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہماری کمٹمنٹ ہے، اس لیے اعتماد سے بات کر رہے ہیں،مریم نواز اور خواجہ آصف جو باتیں کر رہے ہیں، اس پر انتہائی افسوس ہے ،ہم جو کچھ کر رہے ہیں، پاکستان کے لیے کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: سابق ڈی سی کُرم کے کندھے کا کامیاب آپریشن، حالت خطرے سے باہر