عابد شیر علی جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں،ان کا جرم اتنا ہے وہ نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں،خواجہ سعد رفیق

Jul 11, 2021 | 18:38:PM

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ عابد شیر علی جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں،عابد شیرعلی کا جرم اتنا ہے کہ وہ نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں،عابد شیر علی کو وطن واپسی پر گرفتار کر لیا جائے گا۔
فیصل آباد میں عابد شیر علی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ نواز شریف دور میں اکھنڈ بھارت کے حامی واجپائی کو لاہور بلایا ،ڈپلومیسی کے تحت اقدامات کو نہیں کہا جا سکتا فال آف کشمیر موجودہ دور حکومت میں ہوا ہے، جب سوالوں کے جواب ان سے مانگے تو آٹا دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔
لیگی رہنما نے کہاکہ عدالتوں کے فیصلے دیکھیں ، سارے پاکستان کو سمجھ آ چکی ہے ،احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے ، کوئی ادارہ آزاد نہیں احتساب اداروں کا غلط استعمال کر کے سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ، اقتدار سے باہر ہونے پر ہم جیلوں میں جاتے ہیں ۔
ان کاکہناتھا کہ سکیورٹی کونسل اجلاس میں مسلم لیگ نون نے بھرپور شرکت کی ،عمران خان اسمبلی میں اپوزیشن سے آنکھ نہیں ملا سکتا ۔
لیگی رہنما نے کہاکہ مریم نواز نے تھوڑے عرصے میں بڑا کام کر کے اپنا سیاسی نام بنایا، شہباز شریف اور مریم نواز اپنی اپنی پوزیشن پر پارٹی کیلئے کام کر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ افغانستان پر حملے کیلئے امریکی فوج کو اڈے نہیں دینے چاہئیں ،امریکہ کو انکار کے حوالے سے ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام چاہئے ،موجودہ حکومت نے سیاسی و معاشی استحکام کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں خانہ جنگی سے لاکھوں افغان باشندے پاکستان آ سکتے ہیں، اس صورتحال میں قوم کو متحد رہنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: سپورٹس سٹی گناہ نہیں میرا اعزاز ۔۔منصوبہ برباد کرنے پرعمران کیخلاف مقدمہ چلے گا۔۔احسن اقبال

مزیدخبریں