کراچی میں مسلسل موسلادھار بارش سے بیشتر علاقے ڈوب گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کراچی میں رات سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقے ڈوب گئے جبکہ اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 12 جولائی کی شام تک برقرار رہ سکتا ہے۔
گلزار ہجری سپر ہائی وے پر تیز رفتار ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گرومندر سے لسبیلہ جانے والی سڑک پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایم اے جناح روڈ، اسٹیڈیم روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ پر پانی موجود ہے جبکہ اردو بازار، جامع کلاتھ مارکیٹ اور کھارادر میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، لائٹ ہاوس، کے ایم سی ہیڈ آفس اور برنس روڈ پر بارش کا پانی تاحال موجود ہے جبکہ شاہین کمپلیکس، پی آئی ڈی سی اور سندھ اسمبلی کے اطراف بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل کارساز پر بارش کا پانی جمع ہونے سے سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے جبکہ ایئر پورٹ آنے اور جانے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ٹریفک جو ایئرپورٹ سے نکل رہی ہے اسے جناح آؤٹ سے جناح ان کی طرف بھیج رہے ہیں اور الشفا سے اسٹار گیٹ کی طرف بھیج رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش بیس مسرور میں 119.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ قائد آباد میں 113.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
غیرسرکاری موسمی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق بحیرہ عرب سے مسلسل بارش برسانے والے بادل شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ ٹھٹہ، بدین اور کیٹی بندر سے بادلوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
جواد میمن کے مطابق شہر میں مزید 2 سے 3 گھنٹے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور کل شام تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان رہے گا۔
غیرسرکاری موسمی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ مون سون کا کم دباؤ بحیرہ عرب میں بلوچستان کے سمندر قریب موجود ہے جبکہ سندھ اور گجرات کے قریب زیریں سندھ پر زیریں سطح پر ایک سرکولیشن بھی موجود ہے، مون سون سسٹم کو بحیرہ عرب سے مسلسل نمی مل رہی ہے۔