(24 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کم ازکم 15 روپے کمی کی جائے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر بوجھ کم کر کے انہیں فوری ریلیف فراہم کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نوید سناتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت جلد کم ہوگی، عوامی مسائل حل ہونگے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بڑی خبر آگئی
دوسری جانب گزشتہ روز حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جلد پٹرول کی قیمت میں کمی خوشخبری دینگے۔
وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے 2018 میں ملک کو درست سمت میں ڈال دیا تھا، سابق حکومت کے چار برس کے دوران جو تباہی ہوئی وہ ناقابل بیان ہے، معیشت کو برباد کر کے رکھ دیا گیا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں آئینی بحرانوں کے باوجود سستے آٹے کی فراہمی پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دی، مجھے کہا گیا کہ کابینہ نہیں ہے، آپ غریب آدمی کو یہ سبسڈی نہ دیں کل مقدمہ بن جائے گا، میں نے کہا کہ مقدمہ تو کسی عدالت میں بنے گا مگر غریب آدمی کو 10 کلو آٹے کا تھیلہ 160 روپے سستا ملنے سے میں اللہ کی عدالت میں جیت جاؤں گا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 100 یونٹ تک مفت بجلی کرنے کی توفیق اللہ تعالیٰ نے مجھے دی، اس پروگرام سے پنجاب کے ساڑھے پانچ کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں پٹرول سستا ہوا ہے، وزیراعظم محمد شہبازشریف آنیوالے دنوں میں پٹرول کی قیمت کے حوالے سے عوام کو بڑی خوشخبری دینگے۔
وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ فتنہ خان آئین کو مانتا ہے نہ قانون کو، اس نے اپنے دور میں لوٹ کسوٹ کا بازار گرم کیے رکھا، فتنہ خان اور اس کے حواریوں نے پنجاب میں تماشہ لگائے رکھا۔