(24 نیوز) وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل پی ٹی آئی کا اتحاد سامنے آگیا، ظاہر ہوگیا کہ ایک گٹھ جوڑ ہے جو پرانا ہے۔
معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعہ سے کس نے فائدہ اٹھایا اور اس کے پیچھے کون سے عناصر تھے سب عیاں ہوگیا، 9 مئی کے واقعات میں شہیدوں کی یادگاروں کو نہیں بخشا گیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پی ٹی آئی کا اتحاد سامنے آگیا، ظاہر ہوگیا کہ ایک گٹھ جوڑ ہے جو پرانا ہے، پی ٹی آئی کو اسرائیل کا جارحانہ اندازاچھا لگتا ہے، چئیرمین پی ٹی آئی اور اسرائیل ساتھ ساتھ ہیں، ملک دشمن عناصر پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، پی ٹی آئی نے ملک کیخلاف بیرون ملک لابیاں رکھی ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مضحکہ خیز بات ہے کہ اسرائیل انسانی حقوق کا درس دے رہا ہے اور فلسطینوں کے قاتل پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے بھی کھبی دہشتگردی کی مذمت نہیں کی۔
معاون خصوصی وزیراعظم عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے، اس روز حساس تنصیبات، شہداء کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا، یہ معاملہ انتہائی حساس نویت کا ہے، اسرائیل کے مظالم آج بھی نہتے فلسطینوں پر جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی ناظم الامور پانگ چنکسو کی ملاقات
واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پیر کو ہونے والے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے 53 ویں اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے پیش کی گئی سفارش میں کہا گیا کہ ’اسرائیل پاکستان پر زور دیتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی معیارات کے مطابق ہم جنس پرستی کو قانونی اجازت دے اور امتیازی سلوک کیخلاف جامع قانون سازی کرے جو جنسی رجحان اور صنفی شناخت کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا خاتمہ کرے۔‘
اقوام متحدہ میں اسرائیل کی نائب مستقل مندوب آدی فرجون نے کہا کہ ’اسرائیل کو پاکستان میں انسانی حقوق کی مجموعی صورت حال پرگہری تشویش ہے جہاں جبری گمشدگیاں، تشدد، پرامن احتجاج پر کریک ڈاؤن، مذہبی اقلیتوں اور دیگر پسماندہ گروپوں کیخلاف تشدد جاری ہے‘۔