کرپشن ریفرنس، پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر کیخلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی،دوران سماعت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پرویز الہٰی کی طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
بعدازاں لاہور کی احتساب عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں پرویز الہٰی کی نیب انکوائری سے متعلق دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔