اپوزیشن آئے۔ بجٹ کا مطالعہ کرے ۔ تجاویز دے۔ وزیر اطلاعات

Jun 11, 2021 | 22:55:PM

  (24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن سیاستدانوں کو بدنام کرنے کے مشن پر ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی آئندہ پانچ سال بھی اسی طرح احتجاج کرتی رہیں گی،ملکی ادارے بہتری کی جانب گامزن ہیں،وزیراعظم عمران خان نے ملک کو معاشی دلدل سے نکالا، قرضوں کی زنجیر میں جھکڑی قوم کو نئی امید دی، معاشی اور انتظامی اصلاحات کا تاریخی سفر شروع کیا ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ اپوزیشن سیاستدانوں کو بدنام کرنے کے مشن پر ہے، بجٹ تقریر انہوں نے سنی نہیں، بجٹ کا انہیں پتہ نہیں اور احتجاج کر رہے ہیں، اپوزیشن بجٹ تقریر سن لیتی تو شاید احتجاج کی ضرورت پیش نہ آتی، اپوزیشن نے پہلے ہی ذہن بنا رکھا تھا کہ شور شرابہ کرنا ہے، ان کے احتجاج سے کوئی فرق نہیں پڑتا،اس کلچر کو تبدیل ہونا چاہئے، اپوزیشن آئے، بجٹ کا مطالعہ کرے، اس پر اپنی تجاویز دے کہ وہ کیا چاہتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ بدقسمتی سے اپوزیشن کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمارے کیسز ختم کر دیں، یہ کیسز ہمارے ذاتی نہیں ہیں کہ ہم معاف کر دیں،انہوں نے پاکستان کے عوام کا پیسہ لوٹا، یہ پیسہ واپس کر دیں تو کیسز ختم ہو جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ الیکٹورل ریفارمز پر 49 ترامیم ہیں، ان میں سے جن پر تحفظات ہیں، وہ آئیں ان پر بات کریں۔ 
فواد حسین نے کہاکہ پی ایس ڈی پی میں اس سال 900 ارب روپے رکھے گئے ہیں، 27 فیصد زیادہ حصہ صوبوں کو ملے گا، صوبوں کا کام ہے کہ وہ ترقیاتی بجٹ بنائیں، اپنے اخراجات کو عوامی فلاح و بہبود پر لگائیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور ریلوے سمیت دیگر اداروں کو فعال بنایا ہے، 2018میں جب ہم حکومت میں آئے تو یوٹیلٹی سٹورز کا خسارہ اربوں روپے تھا، اس سال یوٹیلٹی سٹورز آپریٹنگ منافع میں آیا ہے،پی آئی اے کی صورتحال خراب تھی، اب وہاں صورتحال بہتر ہوئی ہے، اس کے آپریٹنگ منافع میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملکی ادارے بہتری کی جانب گامزن ہیں، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، ان پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو معاشی دلدل سے نکالا، قرضوں کی زنجیر میں جھکڑی قوم کو نئی امید دی، معاشی اور انتظامی اصلاحات کا تاریخی سفر شروع کیا ہے،کہا جاتا تھا کہ کووڈ سے ترسیلات کم ہوں گی لیکن وزیراعظم عمران خان کی مثبت پالیسیوں سے ملک میں ترسیلات زر میں اضافہ ہوا۔

مزیدخبریں