(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر درآمدی مال کا متبادل تیار کرنے والی اور برآمدی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے اسلام آباد کے معروف صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتکاری ایک اہم ہدف ہے جس کےلئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مراعات دیں گے،مقامی طور پر درآمدی مال کا متبادل تیار کرنے والی اور برآمدی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی ۔
جنرل باجوہ نے کہا کہ اسلام آباد کی صنعتی برادری کی جانب سے نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی تجویز اور خصوصی اکنامک زور بنانے کے پروپوزل کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں جلد فیصلہ کر لیا جائےگا۔
معروف صنعت کار خالد جاوید نے بتایا کہ اسلام آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں مزید صنعتوں کی گنجائش نہیں ہے اور پلاٹ بھی بہت مہنگے ہیں جس سے کارخانوں کی توسیع اور نئی سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ سی پیک روٹ پر ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر زمین موجود ہے جہاں اندسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے۔
طارق صادق نے کہا کہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے سی ڈی اے اور آر ڈی اے کو بھی تجویز دی جا چکی ہے جو انکے زیر غور ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر حماد اظہر کا ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ