( قیصر کھوکھر)چیئر مین پی ٹی آئی کی فیملی کا ایک اور میگا کرپشن سکینڈل بے نقاب ۔ عمران خان کی بہن اور بہنوئی کے خلاف اربوں روپے کی زمین دھوکہ دہی سے خریدنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اربوں کی زمین صرف 13کروڑ میں خریدی۔سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن اور بہنوئی کے خلاف اربوں روپے کی زمین دھوکہ دہی سے خریدنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اربوں روپے کی زمین دھوکہ دہی سے صرف 13کروڑ میں خریدی۔ ڈاکٹر عظمی خان کے خلاف ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی غیر قانونی طور پرخریدنے کا الزام ہے۔
زمین دھوکہ دہی، فراڈ اور جعلسازی سے 22-2021 میں خریدی گئی۔ڈاکٹر عظمیٰ خان نے شوہر احد مجید سے ملکر جعلی انتقالات کروائے ۔ غیر قانونی طریقے سے خریدی گئی زمین ڈاکٹر عظمیٰ نے اپنے اور اپنے خاوند احد کے نام کی۔ دھوکہ دہی سے خریدے گئے رقبہ کی مالیت 6 ارب روپے سے زائد ہے۔رقبہ تب خریدا گیا جب ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے گریٹر تھل کنال منصوبے کا اعلان کیا۔ اس منصوبے کے تحت تھل کنال کے ذریعے بنجر زمینوں کو سیراب کرنا تھا۔
ضرور پڑھیں:پرویز الہٰی کو کارڈیالوجی ہسپتال میں معائنے کے بعد جیل منتقل کر دیا گیا
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان کو تھل کنال منصوبے کا پہلے سے علم تھا۔ڈاکٹر عظمیٰ خان اور اسکے شوہر نے مالکان سے زبردستی زمین خرید کر اپنے نام منتقل کی۔زمین مالکان نے ڈاکٹر عظمیٰ وغیرہ کے خلاف مقامی تھانے میں زبردستی زمین خریدنے کی شکایات درج کروائیں۔کچھ مقامی لوگوں نے جسٹس آف پیس میں بھی درخواستیں دیں۔دھوکہ دہی سے خریدی گئی زمین کا بعد ازاں غیر قانونی طور پر قبضہ لیا گیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کا مزید کہنا ہے کہ دھوکہ دہی میں ملوث دیگر افسران و اہلکاران کے کردار کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا ۔کرپٹ عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔