نسیم شاہ اور شاہین سے بیٹنگ کی توقع نہیں رکھ سکتے، یہ کام بلے بازوں کا ہے: اظہر محمود
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہےکہ 2 شکستوں کے بعد ہر کوئی کافی مایوس ہے، بھارت سے میچ ہارنا امریکا کے خلاف شکست سے زیادہ دُکھ دیتا ہے، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی سے بیٹنگ کی توقع نہیں رکھ سکتے، یہ کام شروع کے 7 بیٹرز کا ہے۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہمارے بیٹرز کی شاٹ سلیکشن ٹھیک نہ تھی، 6 کا رن ریٹ 10 پر چلا گیا، ہم میچ میں 15 ویں اوور تک ٹھیک کھیل رہے تھے۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ہم بطور ٹیم ہارے ہیں، انفرادی کسی کو نہیں کہہ سکتے، دونوں میچز میں ہماری شاٹ سلیکشن اور فیصلے ٹھیک نہ تھے، اس وقت ٹیم میں ہر کسی کا مورال ڈاؤن ہے، اس کو اٹھانا ضروری ہے، ہم اب بھی کم بیک کرسکتے ہیں، جب تک ختم نہیں ہوتا ہمت نہیں ہاریں گے۔
قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کا کہنا تھا کہ غلط وقت پرغلط شاٹ کھیلا گیا جس کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکلا، کسی کھلاڑی کو اپنی صلاحیت پر ہی شک ہو جائے تو بہت مشکل ہوتا ہے، اگر ہم خود پر اعتماد رکھ کر کھیلیں تو سب کو غلط ثابت کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سٹرائیک ریٹ پر سارا نزلہ بابر اور رضوان پر آجاتا ہے، اگر اچھی پارٹنرشپ نہ ہو سکے تو پھر دباؤ میں آجاتے ہیں،اگر ہم ٹھیک وقت پر ٹھیک فیصلے لیں تو چیزیں آسان ہوں گی،کینیڈا کے خلاف میچ ہمارے لیے اہم ہے،کرکٹ میں اگر مگر تو ہوتا رہتا ہے،پہلے بھی ہوتا رہا ہے، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی سے بیٹنگ کی توقع نہیں رکھ سکتے، یہ کام شروع کے 7 بیٹرز کا ہے، اگر ٹاپ آرڈر نہیں پرفارم کرے گا تو باقی لوگوں سے کیا توقع کریں۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ میچ ہار جائیں تو کیا کھلاڑی کی زندگی ختم ہوجاتی ہے؟ دیوار پر سر ماریں ؟ ہار جاتے ہیں تو سب کہتے یہ چیز نہیں کر رہے وہ نہیں کر رہے، اب کسی خوش فہمی میں رہنے کی گنجائش نہیں ہے، کوئی کسی حریف کو آسان سمجھتا ہے تو اس کی انٹرنیشنل کرکٹ میں جگہ نہیں، کینیڈا کے پاس بھی ایسے پلیئرز ہیں جو اچھا کر سکتے ہیں، ہمیں اب یہ میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا، فزیکل پریکٹس سے کچھ نہیں ہوتا، اس وقت ذہنی پختگی بہت اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقہ نے بنگل دیش کو شکست دے کر سپر 8 کیلئےکوالیفائی کرلیا