گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فاطمہ عارف، عائمہ خان)محکمہ موسمیات نے پری مون سون کی بارشوں کے حوالے سے پیش گوئی کر دی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 19 جون کے بعد ملک میں پری مون سون کی بارشوں کا امکان ہے،سردار سرفراز کے مطابق اس سال معمول سے زیادہ بارش ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے عید پر بارش کے حوالے کہا کہ عید پر میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، شانگلہ،کوہستان اور بٹگرام میں چند مقا مات پر بارش کا امکان ہے، آزاد کشمیر میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے چند شہروں میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رواں سال مون سون میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے،پراجیکٹ منیجر این ڈی ایم اے محمد کاظم کا کہنا تھا کہ اس سال معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی، مارچ سے تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔
ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے عوام کو آگاہی فراہم کی ہے،محمد کاظم کا کہنا تھا کہ اس سال معمول سے کچھ زیادہ بارشیں ہوں گی، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان اپڈیٹ کیا ہے جبکہ 2022 میں جانی نقصان کی بڑی وجہ ہدایات پر عمل نہ کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی کتنے افراد جاں بحق، کتنے لاپتہ ہوگئے؟ افسوسناک خبر آگئی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود،تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جنوب مغرب سمت سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، ائیر کوالیٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 17 نمبر پر آگیا جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر موجود ہے۔