ٹی 20 ورلڈ کپ:جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو 4 رنز سے ہرا دیا

Jun 11, 2024 | 11:55:AM

(ویب ڈیسک)ٹی20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔

نیویارک میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر حیران کن طور پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،گزشتہ میچ کی طرح اس مرتبہ بھی جنوبی افریقی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 11 رنز پر ریزا ہینڈرکس پویلین لوٹ گئے۔

کوئنٹن ڈی کوک اچھی فارم میں نظر آئے 2 چھکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے لیکن ایک اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے،تسکین احمد نے کپتان ایڈن مرکرم کی وکٹیں بکھیر دیں اور ابھی پروٹیز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ تنظیم حسن ثاقب نے تیسری وکٹ لیتے ہوئے ٹرسٹن اسٹبس کا بھی کام تمام کردیا۔

23 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ہنری کلاسن کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملر آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت قائم کی،کلاسن نے 44 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 46 جبکہ ڈیوڈ ملر نے 38 گیندوں پر 29 رنز کی باری کھیلی،جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ میں بقا کی جنگ، پاکستان آج کینیڈا کیساتھ ٹکرائے گا

بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم نے تین جبکہ تسکین نے دو وکٹیں لیں،ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے بلے باز بھی مشکلات سے دوچار نظر آئے اور 50 رنز پر اس کے 4 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مرحلے پر توحیدر ہریدوئے اور محموداللہ نے 44 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا لیکن 94 کے مجموعے پر توحید کی 37 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

میچ کے آخری اوور میں بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 11 رنز درکار تھے لیکن محموداللہ اسپنر کیشپ مہاراج کی اوور جانب سے کرائی گئی فل ٹاس کو بھی میدان سے باہر نہ پھینک سکے اور باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا سکی اور جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے میں 4 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج نے تین جبکہ اینرچ نوکیا اور کگیسو ربادا نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں،3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنانے والے کلاسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزیدخبریں