(24نیوز)12 مارچ۔۔ ایک اور بڑا سیاسی دنگل۔۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کیلئے سیاسی میدان کل ایوان بالا میں لگے گا۔سینیٹر خفیہ بیلٹ کے ذریعے سب سے بڑے ایوان کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین منتخب کریں گے ۔اس وقت سینٹ میں موجود 99 ارکان میں سے 51 کا اپوزیشن اور 47 کا تعلق حکومت سے ہے۔
نئے چیئرمین و ڈپٹی چئیرمین سینٹ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کل بروز جمعہ 12 مارچ کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگی، سینٹ کی48 نشستوں پر انتخاب کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اگلا مرحلہ نئے چیئرمین و ڈپٹی چئیرمین سینٹ کے انتخاب کا ہے جو سینٹ سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام ہوگا۔یاد رہے کہ سینٹ کا اجلاس آج پارلیمانی سال کے110دن پورے ہونے کے بعد غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی ہو جائے گا اور رات 12 بجے چیئرمین سینٹ ڈپٹی چیرمین اور 52 سینیٹرز اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہو جائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین سینٹ کا الیکشن صادق سنجرانی جیتیں گے اور ضرور جیتیں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدواروں کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ادھر جماعت اسلامی کا ایک ووٹ اور ممکنہ طور پر بی این پی اور اے این پی کا ایک ایک ووٹ انتخابات میں اہم کردار کا حامل بن گیا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے۔