سیاسی تماشا لگانے کی سازشیں ناکام بنائیں گے: بزدار، پرویز الہٰی ملاقات میں اتفاق

Mar 11, 2021 | 13:07:PM

 (24نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار اور چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ مرکز کے بعد پنجاب میں سیاسی تماشا لگانے کی ہر سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی اور چودھری مونس الہی نے ملاقات کی، پرنسپل سیکرٹری سی ایم طاہر خورشید اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ (ق) نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صادق سنجرانی کی حمایت پر پرویز الہٰی کا شکریہ ادا کیا۔

چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں بھی حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو کامیابی ملے گی، پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے، اتحادی جماعت کو ہر موقع پر ساتھ لیکر چلیں گے، چیئرمین سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ہم ایک پیج پر ہیں، سینیٹ الیکشن میں بہترین حکمت عملی کے ذریعے پنجاب میں حکومتی اتحاد کے تمام امیدوار کامیاب ہوئے۔

وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ اڑھائی سال سے سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن ان عناصر کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے، سازشیں کرنیوالے پیچھے رہ جائیں گے اور ہمارا اتحاد آگے کی جانب بڑھتا جائے گا۔

مزیدخبریں