(24نیوز)ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 7 روپے کمی کردی گئی جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 120 روپے فی کلو ہوگئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ایل پی جی ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستانی ایل پی جی پیداواری اداروں نے(پارکو پاک ارب ریفائنری) نے ایل پی جی کی قیمت میں 7 روپے فی کلو کمی کردی ہے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 7 روپے کی کمی کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 120 روپے فی کلو ہوگی۔چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی امپورٹ بند کرنے کی ایک اور سازش کی جارہی ہے، ملک بھر میں ایل پی جی کی کھپت کو پورا کرنے کے لیے 60 فیصد ایل پی جی امپورٹ کرنا ضروری ہے، سال 2020ء میں لوکل ایل پی جی پروڈکشن 742282 میٹرک ٹن اور امپورٹ 950552 میٹرک ٹن تھی، اگر ایل پی جی کی امپورٹ کو روکا گیا تو ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا گیپ بڑھ جائے گا اور ایل پی جی کی قیمتوں میں روز بروز حیرت انگیز اضافہ ہوگا۔