(24نیوز)حکومت نے سینٹ الیکشن سے قبل اپنے پتے شو کردئیے۔۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے عہدے کے لئے مرزا محمد آفریدی کو نامزد کردیا۔سینیٹر مرزا محمد آفریدی فاٹا سے آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے عہدے پر حکمران جماعت کے امیدوار کیلئے 4 نام شارٹ لسٹ کئے تھے جن میں سیف اللہ نیازی، اعجاز چودھری ، مرزا آفریدی اور عون عباس شامل تھے۔تاہم تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں حتمی مشاورت کے بعد ڈپٹی چیئرمین شپ کیلئے قرعہ سینیٹر مرزا محمد آفریدی کے نام نکلا۔ واضح رہے کہ سینیٹر مرزا محمد آفریدی فاٹا سے آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب حکومت کے لئے خاصہ مشکل لگ رہا ہے کیوں کہ ایوانِ بالا میں اپوزیشن ارکان کو اکثریت حاصل ہے۔اس وقت ایوانِ بالا میں 99 ارکان موجود ہیں جن میں سے 47 کا تعلق حکمران اتحاد جبکہ 52 کا اپوزیشن جماعتوں سے اور اگر جماعت اسلامی کے واحد سینیٹر گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی میں انتخاب کی طرح ووٹ ڈالنے نہیں آئے تو اس وقت بھی اپوزیشن کے پاس 4 ووٹوں کی برتری ہوگی۔چنانچہ 12 مارچ کو حکومت کے لئے یہ انتخاب جیتنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کچھ اپوزیشن ارکان حکومت کو ووٹ نہ دیں یا خفیہ بیلٹ کے دوران اپنے ووٹ ضائع نہ کردیں۔
خیال رہے کہ سینٹ الیکشن ایوان کے نصف ارکان کے انتخاب کے لئے ہر 3 سال بعد ہوتے ہیں، ہر رکن کی مدت 6 سال ہے جبکہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو 3 سال کے لئے چنا جاتا ہے۔