پاکستان امن کا داعی ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے، صدر مملکت

Mar 11, 2021 | 14:55:PM

(24نیوز) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن ہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نے کراچی میں ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کی تقریب سے خطاب کیا اور تریسٹھ سال بعد انسٹیٹیوٹ کو کالج کا درجہ ملنے پر مبارکباد دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ جنگی ماحول کو ہوا دی لیکن پاکستان نے ان کا پائلٹ واپس کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ  پاکستان امن کا داعی ہے اورخطے میں امن چاہتا ہے۔مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بھارت اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بے انتہا ظلم ڈھا رہا ہے،اور وادی میں ظلم وستم کا بازار گرم ہے۔تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی سے ملک میں غربت کم کی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں