(24 نیوز)نوری محفل پہ چادر تنی نور کی، نور پھیلا ہوا آج کی رات ہے، 27 رجب کی رات مسلمانوں کیلئے اس لئے اہمیت کی حامل ہے کہ اس رات نبی آخرالزماں حضرت محمدنے معراج کا سفر کیا۔
شب معراج کی رات امت مسلمہ کیلئے برکتوں کی رات ہے، سرکار دوعالم اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ کی اقتدا میں نماز ادا کی۔
علماکرام کے مطابق معراج کے سفر پر جب حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم ساتوں آسمان پر گئے تو اللہ تعالی نے نبی کریم کو اپنی امت کیلئے پانچ نمازوں کا تحفہ دیا۔
شب معراج کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر میں مساجد کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا جاتا ہے۔ شب معراج کی رات عالم اسلام کے لئے اہم رات ہے جس میں مسلمان مساجد اور گھروں میں کثرت سے عبادات کا اہتمام کرتے ہیں۔ اہلِ ایمان والے نوافل ادا کرتے ہیں اور اپنی بخشش کی دعائیں مانگتے ہیں۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے شب معراج کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ شب معراج کی مناسبت سے منعقدہ محافل، سیمینارز کوبھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ او ز شب معراج کے موقع اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی کے ذمہ دار ہونگے۔
سی سی پی او نے ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ پولیس افسران مساجد، درباروں میں آنے والے افراد کی جسمانی تلاشی ہر صورت یقینی بنائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آریو کی ٹیمیں مساجد و حساس مقامات کے اطراف پٹرولنگ کریں گی۔
شبِ معراج ، مساجد برقی قمقموں سے سج گئیں
Mar 11, 2021 | 22:11:PM