ترکیہ: صدر نے ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ترک صدر نے ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
انتخابات کی حتمی تاریخ کے فیصلے پر دستخط کرنے کے بعد اپنے ٹی وی خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ 14 مئی کو پوری قوم صدر اور اراکین پارلیمان کے انتخابات کیلئے ووٹ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ تاریخ سے تھوڑا قبل کروانے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ 18 جون سے یونیورسٹیوں کے امتحانات شروع ہوں گے، اس کے بعد گرمیوں کی چھٹیاں اور حج کے سفر کی تیاریاں شروع ہو جائیں گی۔
اس سے قبل ایک سرکاری فرمان میں کہا گیا تھا کہ اپنے علاقوں سے دوسرے شہروں میں منتقل ہونے والے زلزلہ متاثرین کا ووٹ کا حق برقرار رہے گا اور وہ جہاں موجود ہیں وہیں سے اپنا ووٹ دے پائیں گے۔
“Our nation will go to the polls on May 14 for the presidential and parliamentary elections” https://t.co/FzLufzwNb3 pic.twitter.com/jDz7t0AYhx
— Presidency of the Republic of Türkiye (@trpresidency) March 10, 2023
اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ہماری انتخابی مہم کا محور زلزلہ متاثرین کی بحالی پر ہوگا جبکہ مہم کے دوران موسیقی کا استعمال نہیں کیا جائے گا، ان کی پارٹی کے تمام نامزد امیدوار زلزلہ متاثرین کیلئے قائم فنڈ میں عطیات جمع کروائیں گے۔
دوسری جانب چند روز قبل حزب اختلاف کی 6 پارٹیوں کے اتحاد کی جانب سے کمال قلیچ دار اوغلو کو رجب طیب اردوان کے مقابلے میں اپنا مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں آنے والے الیکشن گزشتہ ایک صدی کے سب سے زیادہ نتیجہ خیز انتخابات ثابت ہوسکتے ہیں۔