بندرگاہوں تک نقل و حمل آسان بنانے کیلئے این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے مابین معاہدہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد مںصور) کاروباری طبقے کو بندرگاہوں اور نقل و حمل میں معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے این ایل سی اور دنیا کے سب سے بڑے لاجسٹکس آپریٹر ڈی پی ورلڈ نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔
اس کے تحت پاکستان میں کاروباری طبقے کو بندرگاہوں اور تجارتی سامان کی نقل و حمل میں معیاری خدمات کی فراہمی پر مل کر کام کیا جائے گا۔
مفاہمت کی یاداشت پر ڈائریکٹر جنرل این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ سلطان احمد بن سلیم نے دستخط کیے۔
این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے سینئر حکام، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندگان اور معروف کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاہدے کے تحت ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی پاکستان کے نقل و حمل کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: معنی خیز سفار تکاری،امریکا نے پاکستان اور بھارت کی حمایت کردی
مفاہمت نامے میں جن شعبوں کا احاطہ کیا گیا ان میں بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ جیسے کنٹینر اور بلک ٹرمینلز، رول آن/رول آف سروسز، خشک بندرگاہیں، اندرون ملک کنٹینر ڈپو، ریل اور ٹرکنگ کے علاوہ این ایل سی کے زیر انتظام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بارڈر ٹرمینلز پرجدید سہولیات شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈی جی این ایل سی میجر جنرل فرخ شہزاد نے کہا ہے دونوں اداروں کے درمیان مفاہمت سے پاکستان کی لاجسٹکس صنعت میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، پاکستان میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
ڈی پی ورلڈ کے سربراہ نے این ایل سی کے کردار خاص طور پر بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے تحت علاقائی رابطوں کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے وسطی ایشیاء کیلئے ایک اہم ترین راہداری ہے۔
ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے درمیان ممکنہ شراکت سے تاجر برادری کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک تجارتی سامان کی بروقت رسائی ممکن ہوگی۔