(شاہ زیب حسین) کراچی کے علاقے کورنگی نمبر تین میں گاڑی سے 9 سالہ بچے حسین کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔
پولیس سرجن نے بچے کے ساتھ بدفعلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ملے ہیں، لاش کے معائنے سے پتا چلتا ہے کہ بچے کو بدفعلی کا نشانہ بنایا گیا تاہم حتمی طور پر پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر کہا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ جس گاڑی سے بچے کی لاش ملی اس کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
بچے کے ماموں نے بتا یا کہ بچہ ذہنی طور پر معذور تھا،گرفتارشخص محلے کا رہائشی ہے اسی نے لاش کی اطلاع دی تھی جب کہ بچے کے والد حیدرآباد میں ملازمت کرتے ہیں۔
ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی کے مطابق بچے کی لاش شہزاد نامی شخص کی گاڑی سے ملی تھی، پولیس نے فوری طور پر پارکنگ اسٹینڈ چوکیدار عاصم اور گاڑی کے مالک شہزاد کو حراست میں لیا ہے۔
اس کے علاوہ زمان ٹاؤن تھانے میں حسین کے والد محمد میزان کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔