رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے: وزیراعظم

Mar 11, 2024 | 17:56:PM

(اویس کیانی) صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے حکم جاری کیا ہے کہ رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت توانائی شعبے کی اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں سینیٹراسحاق ڈار، سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، احد خان چیمہ، جہانزیب خان، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی، اجلاس کو پیٹرلیم اور گیس کے شعبے کے گردشی قرضے، ٹائٹ گیس اور زیر سمندر قدرتی گیس اور پیٹرولیم کے ذخائر کی دریافت، انسے بھرپور فائدہ اٹھانے اور اس شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. 

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور ملکی کھپت کو پورا کرنے کیلئے سالانہ 4 ارب ڈالر کی پیٹرلیم مصنوعات درآمد کی جارہی ہیں، مقامی سطح پر دریافت سے اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے گا، پیٹرولیم اور گیس کے شعبے کے گردشی قرضے کے حوالے سے بھی بتایا گیا.

یہ بھی پڑھیں: عام آدمی کو بروقت انصاف کی فراہمی ،وزیراعظم نے اہم قدم اٹھا لیا

وزیرِ اعظم نے گردشی قرضے کو ختم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی، اجلاس کو ٹائٹ گیس اور زیرِ سمندر تیل کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی کے بارے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ صارفین کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے ایل پی جی پالیسی 2024 پر کام جاری ہے جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت  بھی کی جاری ہے. 

بعد ازاں اجلاس کو صنعتی شعبے میں توانائی کی کھپت اور معدنیات کے شعبے پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو توانائی شعبے کی اصلاحات پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دیں.

وزیرِ اعظم نے تیل اور گیس کی دریافت، ریفائننگ اور تقسیم میں نجی شعبے اور مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے، رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے، ٹائٹ گیس (Tight Gas) اور زیرِ سمندر تیل و قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کرنے کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور حکم جاری کیا کہ ایل پی جی کے شعبے کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ صارفین کو سستے داموں ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار نہیں بلکہ نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنا اور صارفین بالخصوص معاشی طور پر کمزور طبقے کے مفادات کا تحفظ ہے، قابل افسوس امر ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود جس کا رقبہ بلوچستان سے بھی ذیادہ ہے اس میں موجود وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے،  پاکستان کی سمندری حدود میں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر کی دریافت اور انسے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہے.

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک جانیوالوں کیلئے اچھی خبر، معروف غیرملکی ایئر لائن کو پاکستان سے براہ راست پروازں کی اجازت مل گئی

وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم کی ریفائننگ کی استعداد کو بڑھایا جائے، گیس اور تیل کے شعبے میں چوری کرنے والوں کی نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، گیس پر سمارٹ میٹرنگ سے خسارے کو کم کیا جائے، عوام کے خون پسینے کی کمائی، قومی خزانے کو مزید نقصان نہیں پہنچنے دونگا، صنعتوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، صنعتوں میں انرجی ایفیشنٹ مشینری کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کی روزمرہ استعمال کی اشیاء کو گیس کی بجائے بجلی پر چلانے کی حوصلہ افزائی کی جائے، توانائی شعبے میں میرٹ پر ملک کے باصلاحیت افراد کو تعینات کیا جائے، توانائی شعبے کی اصلاحات پر قلیل، وسط اور طویل مدتی لائحہ عمل ترجیحی بنیادوں پر مرتب کرکے پیش کیا جائے.

وزیرِ اعظم نے گیس اور تیل کے شعبے کے گردشی قرضے کو ختم اور اس مسئلے کے دیر پا حل کیلئے جامع لائحہ عمل، گزشتہ دورِ حکومت میں توانائی کی بچت کیلئے مرتب کئے گئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی رپورٹ کرتے ہوئے پاکستان کے توانائی شعبے کے انتظامی ڈھانچے کو بین الاقوامی خطوط پر استوار کرنے، ملک میں معدنیات کے ذخائر، ان کی دیافت اور اس شعبے کی برآمدات میں اضافے کیلئے بھی ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔ 

مزیدخبریں