(24 نیوز)بھارتی اداکار و یوٹیوبر راہول وہرا کی اہلیہ نے ہسپتال کی غفلت اور آکسیجن نہ ملنے کو شوہر کی موت کی وجہ قرار دیتے ہوئے شوہر کی موت سے قبل کی ویڈیو شیئر کردی۔
گزشتہ روز 35 سالہ معروف یوٹیوبر راہول وہرا کورونا سے چل بسے تھے، اپنی موت سے ایک روز قبل فیس بک پر پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ اگر مجھے اچھا علاج مل جاتا تو میں بچ جاتا۔
اب راہول وہرا کی اہلیہ جیوتی تیواری نے ہسپتال پرعلاج کی بہتر سہولتیں نہ دینے کا الزام عائد کیا ہے اور شوہر کی آخری دنوں کے علاج کی ویڈیو پوسٹ کی ہے۔
ان کی اہلیہ نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا راہول چلا گیا یہ سب کو پتا ہے لیکن کسی کو یہ نہیں پتا وہ کیسے گیا، راجیو گاندھی ہسپتال میں اس طرح سے علاج کیا جاتا ہے، امید کرتی ہوں میرے شوہر کو انصاف ملے گا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راہول کو ہسپتال کے بیڈ پر آکسیجن لگا ہوا ہے اور وہ اکھڑتی سانس کے ساتھ بتا رہے ہیں کہ اس وقت آکسیجن کی بہت قیمت ہے اور اس کے بغیر مریض کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ماسک سے آکسیجن نہیں آرہی ہے بلکہ پانی آرہا ہے، میں ہسپتال عملے کو آوازیں لگاتا ہوں کوئی آتا ہی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ راہول وہرا کو راجیو گاندھی ہسپتال سے دوسرے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ اور پنجاب کنگز کی شریک مالک پریتی زنٹا کو کرکٹ کا شاہ رخ مل گیا