نئی امریکی انتظامیہ سے بہترتعلقات چاہتے ہیں: شاہ محمود

May 11, 2021 | 11:02:AM

  (24نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا امریکا کو ایئر بیس یا اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں، اس حوالے سے قیاس آرئیاں کی جارہی ہے۔ نئی امریکی انتظامیہ سے بہترتعلقات چاہتے ہیں، امریکا نے افغانستان میں پاکستان کے کردارکوسراہا ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تاریخی نوعیت کے تعلقات ہیں، ہرمشکل وقت میں برادر ملک نے ساتھ دیا۔ سعودی عرب کا کشمیرکے حوالے سے کردارڈھکا چھپا نہیں۔ تنازع کشمیرکے معاملے پرتھرڈ پارٹی سے بھارت نے ہمیشہ انکارکیا، میرے خیال میں بھارت ثالثی کے لئے تیارنہیں، دوایٹمی قوتیں جنگ نہیں کرسکتی واحد راستہ گفتگوہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا محبت کا رشتہ ہے، وزیراعظم نے اپنا نقطہ نظرسعودی عرب کوسمجھایا، وزیراعظم کے 3 روزہ دورے میں ہم نے اپنی سمت کا تعین کرلیا، لوگوں نے سعودی عرب پاکستان تعلقات بارے غلط پروپیگنڈا کیا تھا، عید کے بعد سعودی عرب سے وفد پاکستان آئے گا، سعودی وزیرخارجہ بھی آئینگے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سعودی عرب بھی افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ ہم بھی چاہتے ہیں افغانستان اپنے مستقبل کا فیصلہ بات چیت سے حل کرے۔ ہمسایہ ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہے، خدانخواستہ اگر وہاں انارکی پھیلی تو ہمیں بھی نقصان ہو گا، افغانستان کا حل جنگ نہیں مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے:نیب  نے خط لکھ دیا
 

مزیدخبریں