ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس تاحال معطل

May 11, 2023 | 10:11:AM

(24 نیوز) ملک بھر میں جاری پر تشدد احتجاج کے باعث انٹرنیٹ سروس ابھی تک معطل ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی دو روز قبل ہونے والی گرفتاری کے بعد ملک گیر احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پولیس اور پی ٹی آئی کے شر پسند کارکنان آمنے سامنے ہیں، بعض مقامات پر پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جا رہی ہے۔ کارکنان کی جانب سے سرکاری و نجی عمارات اور املاک پر حملوں کے ساتھ ساتھ ان کو نذرِ آتش بھی کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوجی املاک اور تنصیبات پر منظم حملے کروائے گئے، اب شدید ردعمل دیں گے، آئی ایس پی آر

پر تشدد احتجاج کے مدِ نظر حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا سمیت انٹرنیٹ سروس کو معطل کیا گیا ہے۔ 30 گھنٹوں سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود اب تک ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال نہیں ہو سکی۔ سوشل میڈیا ایپس بھی ابھی تک متاثر ہیں جن کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ موجودہ انٹرنیٹ بندش غیر معینہ مدت کیلئے ہے، انٹرنیٹ سروس محکمہ داخلہ کی درخواست پر بند کی گئی ہے۔

مزیدخبریں