خدا کیلئے یہ نفرتوں کے بیجوں کو ختم کرو،اشتعال انگیزیاں ختم کرو، مفتی تقی عثمانی نے ہاتھ جو ڑ کر اعتدال کی اپیل کردی

May 11, 2023 | 15:24:PM

(ویب ڈیسک)خدا کیلئے یہ نفرتوں کے بیجوں کو ختم کرو،اشتعال انگیزیاں ختم کرو،اللہ تعالیٰٰ سے رجوع کرو،اللہ تعالیٰ سے معافی مانگو،مفتی اعظم مفتی تقی عثمانی نے ہاتھ جو ڑ کر سیاست میں دشمنیاں پیدا نہ کرنے کی اپیل کردی ۔

وائرل ویڈیو میں مفتی اعظم مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ دنیا میں سیاسی اختلافات کہاں نہیں ہوتے،ہر جگہ پر ہوتے ہیں، دنیا کے ہر خطے میں ہوتے ہیں،،ہر ملک میں ہوتے ہیں، ہمارے ملک میں بھی ہیں  لیکن سیاسی اختلافات کو دشمنیوں میں تبدیل کردینا ،عداوت میں تبدیل کردینا،ایک دوسرے کا خون کا پیاسا ہوجانا ۔یاد رکھو ،یہ سیاسی اختلافات کوئی کفر اور اسلام کا معرکہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان اس لئے بنا تھا ؟کہ ہم ایک دوسرے کے گلے کاٹیں،یا اس لئے بنا تھا کہ ایک دوسرے کیلئے نفرت کے بیج بوئیں ،خدا کیلئے ہوش میں آئیں ،اختلاف کو اختلاف کی حد میں رکھیں ۔چاہے آپ کا جو نظریہ بھی ہو لیکن ایک دوسرے کا گلہ کاٹنا ،ایک دوسرے پر حملہ آور ہونا ،ایک دوسرے پر جھوٹے الزامات لگانا  اور امت و ملت کو تقسیم کرنا ،یہ ایک پارٹی ہے اور یہ دوسری پارٹی ہے،یہ مسلمان ہے اور یہ غیر مسلم ہے،یہ حق ہے یہ باطل ہے،خداکیلئے ہوش کے ناخن لیں ۔

اعتدال کو ،سنجیدگی کو ،متانت کو سمجھ بوجھ کر اختیار کریں ۔جذباتیت کو ختم کریں،ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچیں ۔ٹھنڈے دل و دماغ سے فیصلے کریں لیکن لڑائیاں ،ایک دوسرے پر حملے،ایک دوسرے پر گشنام درازی ،گالم گلوچ نہ کسی مسلمان کا شیوہ ہوتا ہے ،نہ کسی شریف انسان کا شیوہ ہوتا ہے،اگر ہم نے اپنا رویہ نہ بدلا تو پھر یاد رکھو کہ جس طرح اللہ نے اپنی رحمت یہ پاکستان ہمیں عطا فرمایا تھا ،خطرہ ہے کہ کہیں ہم سے یہ نعمت چھین نہ لے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آدھا ملک ہم گنوا بیٹھے،اسی جذباتیت کی وجہ سے۔اسی گالی گلوچ کی وجہ سے۔آدھا ملک ہم نے گنوا دیا ،اب آدھا کا آدھا رہ گیا ہے،خدا کیلئے اس کی حفاظت کرو ،جو بات زبان سے نکالو سولہ آنے سچی ہونی چاہئے،دوسروں پر الزام تراشی سے پہلے سوچو کہ اللہ کے پاس جاکر تم کیا اس الزام کو ثابت کرسکو گے۔اگر نہیں ثابت کرسکو گے تو جہنم کے انگارے تمھارے مقدر ہیں ۔اپنی زبان قابو میں لاؤ،اپنی سوچ قابو میں لاؤ،اپنی فکر قابو میں لاؤ،اعتدال پیدا کرو،سنجیدگی پیدا کرو ،ایک دوسرے کی بات ٹھنڈے دل سے سمجھنے کا حوصلہ پیدا کرو ۔

حاضر ین کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے مفتی اعظم نے کہا کہ آپ کے سامنے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتا ہوں  کہ خدا کیلئے یہ نفرتوں کے بیجوں کو ختم کرو،اشتعال انگیزیاں ختم کرو،اللہ تعالیٰٰ سے رجوع کرو،اللہ تعالیٰ سے معافی مانگو کہ اللہ ہمیں اپنے ملک کو محفوظ رکھنے کیلئے جو طریقہ ہمیں اختیار کرنا چاہئے۔اے اللہ،ہمیں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرما۔

مزیدخبریں