(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نیب نے اس مجرم کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جس نے ملک کے 60 ارب روپے چوری کیے، مسجد، اسکول، اسپتال اور ایمبولینسز جلائی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دہشتگرد کو سزا مل جاتی تو ملک جل نہ رہا ہوتا، نیب نےعمران خان کو کرپشن کی تحقیقات کیلئے گرفتار کیا ہے جس کے ردعمل میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت جتھوں کوتعینات کیا گیا۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ تین دن سے مسلح جتھے سرکاری عمارتو ں پر حملہ آور ہیں، سب کو معلوم ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے مظاہرین کو کیسے ہدایات دیں۔
یہ بھی پڑھیے: خدا کیلئے یہ نفرتوں کے بیجوں کو ختم کرو،اشتعال انگیزیاں ختم کرو، مفتی تقی عثمانی نے ہاتھ جو ڑ کر اعتدال کی اپیل کردی
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی اور رانا ثناءاللہ پر جھوٹے مقدمے بنائے گئے لیکن ایسے امن و امان کی صورتحال کو ہاتھ میں نہیں لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مجرم کو ریلیف ملے گا تویہ ملک کیسے چلے گا، ایک مجرم دہشتگرد کو سپریم کورٹ سے ریلیف کا تاثر اس کی پشت پناہی ہے، 25 مئی کو اس کو سزا مل جاتی تو آج ملک جل نہ رہا ہوتا۔