الخدمت فاؤنڈیشن مستحق اور نادار افراد کیلئے تحفہ ، خدمات کا سلسلہ جاری
رمضان میں 9 لاکھ61 ہزار مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکج تقسیم کئےگئے,الخدمت جامع منصوبہ بندی اور ٹیم ورک سے اپنے نظام میں مزید بہتری لانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں:ذکراللہ مجاہد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت جامع منصوبہ بندی اور ٹیم ورک سے اپنے نظام میں مزید بہتری لانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں،الخدمت فاؤنڈیشن کاکام مستحق اور نادار افراد کیلئے ایک تحفہ ہے اور ہم اِس تحفہ کے اہتمام کرنے والے تمام مخیر حضرات اور والنٹیرز کا شکر گزار ہیں جن کے باعث لاکھوں افراد کی زندگیوں میں خوشیاں آ سکیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سماجی خدمات پروگرام بورڈ کا ششماہی اجلاس الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں الخدمت سماجی خدمات پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ، ریجنل صدور، ریجنل ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔
ذکر اللہ مجاہد نے رواں سال رمضان المبارک کے دوران جاری سماجی خدمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اِس رمضان 9 لاکھ61 ہزار مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکج تقسیم کئےگئے، 2 لاکھ 60 ہزار افراد کیلئے کمیونٹی افطار کا اہتمام کیا گیا جبکہ 4 لاکھ 70 ہزار مستحق افراد میں فطرانہ کی مد میں 7 کروڑ 83 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے، الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت صرف رمضان المبارک میں جاری رہنے والی خدمات سے 17 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے جبکہ اِن خدمات پر مجموعی طور پر ایک ارب 16 کروڑ روپے کے عطیات خرچ ہوئے۔
ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے کورونا وبا، بد ترین سیلاب اور بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کے باعث پاکستان میں سفید پوش طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور خوراک جیسی بنیادی ضرورت کا حصول ایک بڑا چیلنج بن کر رہ گیا ہے،عالمی ادارہ خوراک کی جاری کردہ گلوبل رپورٹ آف فوڈ کرائسس 2022 کے مطابق پاکستان دنیا بھر میں غذائی قلت کے شکار 10 ممالک میں آ چکا ہے اور پاکستان کا غذائی قلت کا شکار ممالک میں شمار ہونا کسی المیے سے کم نہیں کہ یہ ایک زرعی ملک ہے اور یہاں غذائی اجناس وافر مقدار میں میسر ہیں لیکن حالیہ مہنگائی نے غریب اور سفید پوش طبقے کی قوت خرید کو شدید متاثر کیا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں سفید پوش اور مستحق طبقے کیلئے فوڈ پیکجز اور سحر و افطار کا اہتمام الخدمت فاؤنڈیشن کی دیرینہ روایت ہے تاکہ رمضان میں روزے داروں کیلئے آسانیاں بانٹی جا سکیں، فوڈ پیکجز کی تیاری کیلئے اجناس کی خریداری، پیکنگ اور تقسیم کیلئے ایک مربوط نظام موجود ہے،الخدمت کے ذمہ داروں اور دیگر والنٹیرز کے ساتھ کالجز یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات بھی اِس نظام میں شامل ہوتے ہیں اور الخدمت سروے کے بعد مستحق اور نادار افراد میں کوپن تقسیم کرتے ہیں تاکہ فوڈ پیکجز کی تقسیم میں کسی نا خوشگوار واقع سے بچا جا سکے ۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سماجی خدمات پروگرام بورڈ کا ششماہی اجلاس میں ملک بھر میں سستی روٹی کی فراہمی کیلئے تندور لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ سروس کی بندش سے سندھ میں بوٹی مافیا مفلوج