بلاول بھٹو کی جی سی سی سیکرٹری جنرل سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر زور

Nov 11, 2022 | 00:05:AM

(24نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ریاض میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح ایم الحجراف سے ملاقات کی۔
 وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خلیج کے برادر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور پاکستان خلیج تعاون کونسل کو خطے میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر دیکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی سی سی پاکستان اور خلیجی ریاستوں کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور پاکستان جی سی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے مشترکہ ایکشن پلان کے مطابق روابطہ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے اور باہمی مشاورت سے طے شدہ تاریخ پر پاکستان سٹریٹجک ڈائیلاگ کے اگلے دور کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل نے علاقائی اور عالمی مسائل بشمول مقبوضہ جموں و کشمیر ، افغانستان اور یمن پر بھی تبادلہ خیال کیااور سیکرٹری جنرل کو ان مسائل پر پاکستان کے موقف اور جائزے سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور جی سی سی ممالک کے مشترکہ مفادات کے تمام مسائل پر مفادات اور موقف یکساں ہے۔
وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل نے جی سی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان تعلقات اور تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا اور تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس رفتار کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدوں پر جاری مذاکرات کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں سے کہا کہ وہ اس مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کریں۔

مزیدخبریں