(ویب ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ کے بارے گزشتہ دنوں سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ ان میں علیحدگی ہوگئی۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کی خبر بھی اپنے وقت کی سب سے بڑی بریکنگ نیوز ثابت ہوئی تھی تاہم اب دونوں کی علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں جن کی تصدیق یا تردید نہیں ہوسکی ہے۔دونوں کھلاڑیوں کے دل آسٹریلیا میں ملے، رشتہ دبئی میں طے ہوا، نکاح بھارت میں ہوا اور ولیمہ پاکستان میں ہوا۔جوڑے نے رہائش دبئی میں رکھی، پاک بھارت میڈیا نے شادی کی بھرپور کوریج کی، سیالکوٹ سے بارات لے کر شعیب ملک حیدر آباد دکن پہنچے تھے۔
دو ملک ، دو کھلاڑی ، دو سپر اسٹارز، دونوں کی پہلی ملاقات کب ہوئی؟ اس پر ثانیہ مرزا نے جواب دیا کہ ’پہلی ملاقات تو بہت پہلے ہوئی تھی، یہ لوگ میرے خیال سے انڈیا میں کھیل رہے تھےیہ شاید 2005 کی بات ہے، میں اس وقت دلی میں فیڈریشن کپ کھیل رہی تھی۔ثانیہ نے مزید بتایا کہ ’میں اور پاکستان ٹیم ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے، میں نیچے جم میں سے نکل رہی تھی تو کسی صحافی نےشعیب سے ایک رسمی سے ملاقات کرائی تھی، اس کے بعد ہم تین چار سال نہیں ملے۔شعیب ملک سے جب اس بارے میں سوال پر کہ انہوں نے کون سا ایسا شارٹ کھیلا تھا کہ ثانیہ ان کی بیوی بن گئیں، شعیب ملک نے کہا کہ ’کوئی ایسا شارٹ نہیں کھیلا، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں یہ بڑوں سے سنا ہے اور جب خود کی شادی ہوئی تو پتہ بھی چل گیا، یہ قدرت تھی اور اللہ کو یہی منظور تھا۔‘
شعیب ملک دلہن بیاہ کر پاکستان آئے تو اسٹار جوڑی کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گا۔شادی کے بعد بھی شعیب ملک کرکٹ اور ثانیہ مرزا ٹینس کے میدان میں پرفارم کرتے نظر آئے ۔
12 سال کے سفر میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک ساتھ بھی خوب نام کمایا۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی شادی 12 سال رہنے کے بعد ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی جانب سے خبروں کی نہ تصدیق کی گئی اور نہ ہی تردید کی گئی۔تا ہم30 اکتوبر کو شعیب ملک نے بیٹے اذہان کی سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں جس میں ثانیہ مرزا بھی موجود تھیں۔ 31 اکتوبر کو ثانیہ مرزا نے سوشل میڈيا پر بتایا کہ وہ اپنے گھر میں منتقل ہوگئی ہیں، نئے گھر کی وڈیو بھی شیئر کی ۔شعیب ملک کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی میں اختلافات ہوجاتے ہیں لیکن طلاق کی خبریں درست نہیں۔قریبی ذرائع کا مؤقف اپنی جگہ لیکن دونوں کی خاموشی خدشات کو جنم دے رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت سپر اسٹارز کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی، دونوں کا چار سال کا ایک بیٹا بھی ہے ۔علیحدگی کی خبر کی تصدیق یا تردید کے لیے شعیب ملک سے رابطے کی کوشش کی لیکن سابق کپتان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔