پاکستانی فنکاروں نے عرفان پٹھان کو آڑے ہاتھوں کیوں لیا؟

Nov 11, 2022 | 12:40:PM

(ویب ڈیسک )پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے عرفان پٹھان کو ان کے ہی تبصروں پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔بھارت کی انگلینڈ سے عبرت ناک شکست کے بعد بھارتی سابق کرکٹر عرفان پٹھان کے پاکستان مخالف ٹوئٹس انہیں مہنگے پڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نے گزشتہ پیر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستانی شائقین کرکٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پڑوسیوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ صرف سنڈے کے نام پر زندہ ہیں۔

اب بھارت کی سیمی فائنل میں شکست کے بعد اداکارہ ثناء جاوید نے انسٹا اسٹوری لگاتے ہوئے کہا کہ ’سنڈے کو آپ بھی ٹیون ان کریے گا پاکستان بامقابلہ انگلینڈ فائنل میں، ٹوئٹر پے نہیں ٹی وی پے لائف فرام دی اسٹیڈیم‘۔

پاکستانی یوٹیوبر اور اداکار ارسلان ناصر نے عرفان پٹھان کو ان کے ٹوئٹ ’پڑوسیوں جیت آتی جاتی رہتی ہے، لیکن گریس آپ کے بس کی بات نہیں ہے‘، پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے جواب دیا کہ ’معافی چاہتا ہوں سر فائنل میں پہنچ جائیں تو بات کریے گا، اُدھر سے آواز نہیں آ رہی آپ کی‘۔

عرفان پٹھان نے یہ ٹوئٹ بھارت بامقابلہ انگلینڈ کے سیمی فائنل سے قبل کیا تھا، تاہم بھارت کی شکست کے بعد سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے تبصرہ کیا کہ ’ارے کیا ہو گیا بھائی؟ کس نے کچھ کہا ہے تو مجھے بتاؤ، میں ڈانٹوں گا، وعدہ‘

بالی ووڈ سے ڈیبیو کرنے والی پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے دو ٹوئٹ کیے، پہلا دوسرے سیمی فائنل سے قبل جس میں لکھا کہ ’عرفان بھائی، ہم گریس لیس ایکس نہیں ہیں، بلکہ پاکستانیوں کو گریس لیس ایکس بالکل پسند نہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ آپ کی ٹیم جیتے اور ہم فائنل میں آپ کے منتظر رہیں گے مکمل تیاری کے ساتھ‘۔

جبکہ دوسرا ٹوئٹ بھارت کی شکست کے بعد کیا کہ ’ سوری عرفان بھائی، ہماری دعائیں رنگ نہ لائیں، ہم آپ کو فائنل میں یاد کریں گے اور بہترین کھیل پیش کرکے جیت اپنے نام کریں گے۔ بالکل فلم لگان کی طرح۔ آپ بھی برائے مہربانی ہمارے لیے خوش ہوجائیں۔ ہم جیتیں یا ہاریں ہم اپنا گریس برقرار رکھیں گے‘۔

اداکار ہارون شاہد نے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کی خراب بالنگ کو دیکھتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’آج عرفان پٹھان انگلینڈ سے کہہ رہا ہے کہ کچھ تو  گریس دکھاؤ یار‘۔

اداکار جبران ناصر  نے انسٹا اسٹوری اپ ڈیٹ کرتے ہوئے انگلینڈ کی 10 وکٹوں سے جیت پر بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’پڑوسیوں ہارنا تو چلتا رہتا ہے لیکن وکٹ لینا تمہارے بس کی بات نہیں‘۔

مزیدخبریں