واٹس ایپ کا نیا فیچر، صارفین کی بڑی مشکل کا حل مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے،واٹس ایپ میں صارفین کا ایک بہت بڑا مطالبہ پورا ہونے والا ہے اور ایک بہترین فیچر کو جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WaBetaInfo کے مطابق واٹس ایپ میں بڑے گروپس کی چیٹ کو آٹو میوٹ کرنے کے فیچر پر کام کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیا گیا تھا کہ ایک گروپ میں 1024 اراکین کو شامل کرنا ممکن ہوگا، یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ زیادہ افراد والے گروپس میں میسجز بھی بہت زیادہ بھیجے جاتے ہیں جس کے باعث فون میں ہر وقت نوٹیفکیشن موصول ہوتے رہتے ہیں۔
نوٹیفکیشنز کی یہ بھرمار کچھ افراد کو پسند نہیں ہوتی اور اسی وجہ سے واٹس ایپ کی جانب سے نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے،رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں کچھ صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کے تحت 256 سے زیادہ افراد والے گروپ خودکار طور پر میوٹ ہوجائیں گے، یعنی میسجز تو آتے رہیں گے مگر اسمارٹ فون پر نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوں گےالبتہ صارف نوٹیفکیشن کو ٹرن آن کرسکے گا۔
اس وقت واٹس ایپ میں صارفین کسی گروپ یا انفرادی چیٹ کو 8 گھنٹے، ایک ہفتے یا ہمیشہ کے لیے میوٹ کرسکتے ہیں مگر یہ نیا فیچر خودکار طور پر کام کرے گا تو صارف کو خود کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ فیچر اس وقت بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
دوسری جانب واٹس ایپ کے مالکانہ حقوق رکھنے والی کمپنی میٹا نے واٹس ایپ صارفین کے لیے پرائیویسی کے نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے،نئے متعارف کروائے گئے فیچرز کے تحت صارفین ناصرف خاموشی سے (کسی کے علم میں لائے بغیر) گروپ چیٹس چھوڑ سکیں گے بلکہ انھیں یہ اختیار حاصل ہو گا کہ اُن کے آن لائن سٹیٹس کون دیکھ سکتا ہے اور کون نہیں۔
اسی طرح ’’ویو ونس‘‘ فیچر کے تحت کوئی بھی صارف یہ تعین کر سکے گا کہ اس کے میسجز کا کوئی سکرین شاٹ نہ لے،میٹا کے چیف ایگزیکٹیو مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ اس سے واٹس ایپ پر ہونے والی بات اور مسیجز بالکل ویسے ہی محفوظ ہو جائیں گے جیسا کہ ’دو افراد کے درمیان آمنے سامنے ہونے والی نجی گفتگو۔‘
واٹس ایپ کے یہ نئے فیچرز رواں ماہ میں دستیاب ہوں گے اور انھیں برطانیہ میں اسی ماہ شروع ہونے والی ایک عالمی مہم میں نمایاں کیا جائے گا۔