اوآئی سی اہل فلسطین کو اسرائیلی سفاکیت سے نجات دلائے، سراج الحق

Nov 11, 2023 | 00:23:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جمعہ کو استنبول میں فلسطین یکجہتی مارچ سے خطاب اور عالمی اسلامی تحریکوں کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے سات نکات پر مشتمل تجاویز پیش کی ہیں اور 12نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی اوآئی سی سربراہی کانفرنس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان پر عمل درآمد کرتے ہوئے اہل فلسطین کو اسرائیلی سفاکیت سے نجات دلائے۔
نماز جمعہ کے بعد استنبول کی معروف مسجد فاتح سے نکالے گئے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کے پاس اقتدار امت کی امانت ہے اور اس وقت جب غزہ میں صہیونی افواج بچوں اور خواتین کو بے دردی سے نشانہ بنا رہی ہیں تو ان کا فرض ہے کہ وہ قراردادوں اور اعلانات کی بجائے مظلوموں کی مدد کیلئے عملی اقدام کریں۔ مارچ میں تنظیم الاتحاد العالمی کے سیکرٹری جنرل علی محی الدین القرہ داغی، ترکی، ایران،افغانستان، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کی تحریکوں کے قائدین نے شرکت اور کلیدی خطابات کئے۔ ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فلسطین یکجہتی مارچ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
امیر جماعت نے ترکیہ کی عوام کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان کے 25کروڑ عوام اہل غزہ کے ساتھ اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جب تک اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیل کو واضح پیغام نہیں دیں گے، فلسطین میں جارحیت ختم نہیں ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں فلسطین کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑ رہی ہے۔
سراج الحق نے او آئی سی سربراہی کانفرنس سے مطالبہ کیا کہ حماس کی قیادت کو اس اہم اجلاس میں فلسطینی عوام کے نمائندہ کی حیثیت سے دعوت دی جائے،او آئی سی کے پلیٹ فارم سے فلسطین فنڈ قائم کیا جائے تاکہ اس وقت بے یارومددگار لاکھوں انسانوں کی مناسب مدد ہو سکے، تمام اسلامی ممالک اسرائیل کااقتصادی بائیکاٹ کریں، جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ صہیونی ریاست سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں غزہ سے یکجہتی کا ایک روز منایا جائے، تمام اسلامی و غیر اسلامی ممالک میں ریلیاں اور مارچز کا انعقاد ہو جن میں انسانیت کیلئے درد رکھنے والے غیر مسلم اور تمام مسلمان شرکت کریں۔ امیر جماعت نے رفح کراسنگ پر غزہ کے زخمیوں کی مددکیلئے بڑے ہسپتال کی فوری تعمیر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اہل فلسطین کو کسی قسم کی سکیورٹی میسر نہیں، اسلامی ممالک متحد ہو کر ان کی سکیورٹی کیلئے پلان مرتب کریں۔
امیر جماعت نے کہا کہ اسرائیل عالمی برادری کی جانب سے سیزفائر کے مطالبات کو مسلسل نظرانداز کر رہا ہے اور جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے جس سے غزہ میں بڑا انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، نصف سے زائد شہر کھنڈر بن چکا ہے، ہزاروں بچے اور خواتین شہید ہو گئے، اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت رکوانے میں ناکام ہو چکی ہے، انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران پرزور طریقے سے فلسطین کا مقدمہ لڑیں بصورت دیگر امت اور تاریخ انھیں معاف نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سیمی فائنل کھیلنے کا مشن،محمد عامر نے قومی ٹیم کو اہم مشورہ دیدیا

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: