انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے، ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے:رانا ثناء اللّٰہ

Nov 11, 2023 | 15:30:PM

(راؤ دلشاد)مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ  نے کہا کہ اس سے انکار نہیں کہ مہنگائی اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کی طرح مہنگائی پر بھی قابو پالیں گے،مسلم لیگ ن نے پہلے بھی نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ایسے بحرانوں سے نکالا، سازش کے تحت 1 شخص کو لانچ کیا گیا تھا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 21 اکتوبر کے جلسے میں ملک بھر سے لوگ شریک ہوئے تھے، ملک خوشحالی کی طرف بڑھ رہا تھا، اس کی رفتار روک دی گئی، آج عام آدمی کا جینا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا ہے، 21 اکتوبر کو نواز شریف نے قوم کو نئی امید دلائی، ہم انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں، نواز شریف دوسرے صوبوں کے دوروں کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔

 رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ہماری انتخابی سرگرمیاں پنجاب سمیت ملک بھر میں جاری ہیں، کہا جاتا ہے کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی بہتر نہیں تھی، ضمنی الیکشن میں ہم اپنی کارکردگی نہ دکھا سکے، مسلم لیگ ن نے مشکل حالات میں جہدوجہد کی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا اس کے باوجود ہم کھڑے رہے، کیا پنجاب میں قومی اسمبلی کی سب سے بڑی پارٹی ن لیگ نہیں تھی؟ 2018ء کے الیکشن میں مشکلات کے باوجود ہم نے کامیابی حاصل کی تھی، ہم ملک اور عوام کو ایک بار پھر بحرانوں سے نکالیں گے۔
 
 
 
 

مزیدخبریں