سموگ کا زور کم نہ ہوا،زہریلی فضا میں سانس لینا بھی محال ،حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز بند

پنجاب کے مختلف شہر شدید دُھند کی لپیٹ میں،ملتان آلودہ ترین شہر میں سر فہرست

Nov 11, 2024 | 09:10:AM
 سموگ کا زور کم نہ ہوا،زہریلی فضا میں سانس لینا بھی محال ،حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پنجاب سمیت  ملک بھر میں جاری سموگ کی لہر کا روگ کم نہ ہو سکا، فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، فضا میں زہریلے ذرات کے باعث سانس لینا بھی محال ہو گیا جبکہ حد نگاہ صفر ہونے کے باعث مختلف مقامات پر موٹر ویز کو بند کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی شدید دُھند کا راج برقرار ہے، لاہور کے بعد ملتان، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی سموگ کی لپیٹ میں آ گئے، ملتان آج بھی فضائی آلودگی میں سر فہرست ہے جہاں اے کیو آئی950 ریکارڈ کیا گیا ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس560 تک جا پہنچا ہے،  اس کے عالاوہ  پشاور کا اے کیو آئی 597، اسلام آباد کا254 اور راولپنڈی کا اے کیو انڈیکس284 کو چھو گیا۔

موٹر ویز پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے ایم 5 ملتان سے سکھر تک اور لاہور سیالکوٹ سیکشن بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

موٹر وے حکام نے اسموگ کے باعث ایم 2 لاہور سے بھیرہ تک، ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک اور ایم 4 ملتان سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دی گئی ہیں۔

شدید دُھند کے باعث پنجاب میں فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، ملتان کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر مکمل پابندی کا فیصلہ

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر میں 34 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ہیں، جن میں ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ماہر ماحولیات علی جابر نے خبردار کیا ہے کہ سموگ سے بچے، بزرگ، خواتین اور امراض قلب کے افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، فضا میں کیمیکل کے ذرات موجود ہیں، سموگ میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے، گرم مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

پنجاب کے تمام اضلاع میں سموگ سے نمٹنے کیلئے ایئر پیو ریفائرز لگائے جائیں گے جس کے حوالے سے ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

پنجاب کے تمام شاپنگ مالز کو ایئر پیو ریفائرز لگانے کی ہدایت کی گئی ہے، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ ڈویژنز میں خراب ایئر کوالٹی انڈیکس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب لاہور میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری، بچوں میں نمونیا اور چیسٹ انفیکشن میں اضافہ ہو گیا، ایک ہفتے میں شہر کے5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں، آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض بھی بڑھنے لگے ہیں۔