بھارت پاکستان نہ آیا تو گرین شرٹس کبھی انڈیا سے میچ نہیں کھیلیں گے، سخت فیصلے کا امکان
پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، دونوں بورڈز یہ فیصلہ کریں گے: روہت شرما
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق آگاہ کردیا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ کیا اور بھارت کے نہ آنے سے متعلق آگاہ کردیا۔
ذرائع نے بتایاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار پرسخت فیصلے لینے کا امکان ہے اور حکومت غور کر رہی ہے کہ اگربھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں آئے گا توپاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت غور کر رہی ہے کہ جب تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہترنہیں ہوتے تب تک بھارت کیساتھ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلیں گے، پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی اچھا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارت نہیں آئے گا تو کسی بھی حد تک جائیں گے، سٹیڈیم بن رہے ہیں سکیورٹی اچھی ہے بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگربھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا، پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔
دوسری طرف بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، دونوں بورڈز یہ فیصلہ کریں گے۔روہت شرما نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہماری توجہ چیمپئنز ٹرافی پر ہے، اگر بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجا جائے گا تو ہمیں کوئی ایشو نہیں ہے۔