(24نیوز)تحریک انصاف نے صوابی جلسے میں امریکا کا جھنڈا لہرانے والے شخص کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوابی جلسے میں امریکا کے جھنڈے کو مسترد کیا ہے اور اس عمل سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی امریکا کا جھنڈا لہرانے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے، اس جلسے میں امریکا کا جھنڈا لہرانے والے کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ صوابی جلسے میں پی ٹی آئی کارکن نے امریکی جھنڈا لہرانا شروع کیا تو قریب موجود دیگر کارکنان نے اسے امریکی جھنڈا لہرانے سے منع کیا تھا اور جھنڈا نیچے کرنے کیلئے آوازیں دی تھیں مگر پی ٹی آئی کارکن جھنڈا ہاتھ میں لیے کھڑا رہا اور لہراتا رہا تھا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھیں۔