(24 نیوز)پاکستان شوبز سے تعلق رکھنےوالی باصلاحیت اداکارہ فریال محمود نے اپنی خالہ اور پاکستان فلم اور ٹی وی کی ماضی کی مشہور اداکارہ روحی بانو کے بارے میں درد ناک باتیں شیئر کیں۔
نجی ٹی وی کے شو میں انہوں کہا کہ روحی بانو ایک طویل عرصے سے شیزوفرینیا کی مریضہ تھیں۔ مجھے یہ بھی لگتا تھا کہ وہ کوئی نارمل انسان نہیں ہیں، لیکن جب ان کے ہاتھ میں سکرپٹ آتا تھا تو کوئی نہیں کہہ سکتا تھا کہ وہ بیمار ہیں کیونکہ وہ کافی پروفیشنل تھیں۔ ان کی ذہنی بیماری میں رفتہ رفتہ اضافہ ہوا۔ ان کے ساتھ کئی افسوسناک واقعات پیش آئے، جائیداد کے مسائل کی وجہ سے ان کے بیٹے کی موت ہو گئی۔
روحی بانو کی موت کے بارے میں سن کر راحت کیوں محسوس ہوئی اس بارے میں فریال نے کہا کہ جب میں نے ان کی موت کے بارے میں سنا تو میں بہت خوش ہوئی کیونکہ مجھے لگا کہ انہیں ایک بہتر جگہ مل گئی کیونکہ ان کی زندگی بہت مشکل تھی۔ وہ درد میں تھیں۔
انہوں نے مزید کہا آپ دیکھتے ہیں کہ یہ زندگی کتنی مشکل ہے، آپ یہاں کام کرتے ہیں، نام کماتے ہیں اور پھر آپ تکلیف اٹھاتے ہیں۔ یہ میری زندگی کا ایک افسوسناک حصہ تھا جب لوگ مجھے فون کرکے کہتے تھے کہ وہ ترکی کی گلیوں میں گھوم رہی ہے۔ اب، وہ یقینی طور پر سکون میں ہیں۔