(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل ملاقاتوں پر پابندی اور جیل میں سہولیات فراہمی کی درخواست نمٹا دی۔
جیل حکام نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتی آرڈرز اور جیل رولز کے تحت تمام سہولیات ملیں گی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے نورین نیازی کی درخواست نمٹانے کا تحریری آرڈر جاری کر دیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق جیل حکام نے بانی ٹی آئی کو عدالتی آرڈرز اور جیل رولز کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دستخط سے تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جیل میں بانی پی ٹی آئی اوردیگر قیدیوں کی جیل ملاقاتوں سے پابندی ہٹا لی گئی ہے، ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گرد حملوں کے خدشے کے پیش نظر جیل ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔ جیل حکام کے مطابق پٹیشنر نورین نیازی کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی گئی ہے۔
جیل حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالتی آرڈرکی روشنی میں کوآرڈینیٹرمقررکررکھا ہے لہٰذا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے خواہش مند مقررکردہ کوآرڈینیٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کوجیل رولزکے مطابق جیل میں تمام سہولیات میسرہیں۔
جیل حکام نے یقین دہانی کرائی کہ بانی پی ٹی آئی کوعدالتی آرڈرزاورجیل رولزکے تحت تمام سہولیات ملیں گی۔ پٹیشنرکے وکلا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اورڈی آئی جی جیل خانہ جات کے بیان سے مطمئن ہیں لہٰذا پٹیشنرکے وکلا کی تسلی کے باعث بانی پی ٹی آئی کو جیل سہولیات فراہمی کی پٹیشن نمٹائی جاتی ہے۔