(24نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ 2028ء سے تمام محکموں کو سود سے پاک کر دیا جائے گا,پاکستان کی بقاء اسلامی نظام میں ہے، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم جمہوریت کی توہین ہے.
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا ویکفیلڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، پاکستان کی بقاء اسلامی نظام میں ہے، پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور معشیت کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا، 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنایا ہے، آئین ہم سب کا ہے ہمیں اس کا احترام کرنا ہو گا، جمہوریت کی بقاء اور اسلامی نظام کے لیے پاکستان بھر میں تحریک جاری رکھیں گے۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امن کے لیے ہمیں متحد ہونا ہو گا، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم 26 ویں آئینی ترمیم اور جمہوریت کی توہین ہے، کسی کو شک کی بنیاد پر 90 روز تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ہم محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں۔