(ابوبکر شیخ) گروپ لیڈر اپٹما و چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ساؤتھ آپریشن ٹھیٹرز کا افتتاح کر دیا ہے، ڈاکٹر گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ساؤتھ آپریشن ٹھیٹرز پر 40 کروڑ لاگت آئی ہے، یہ عوام کے لئے بطور تحفہ ہیں۔
چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ساؤتھ آپریشن تھیٹر میں موجود تمام مشینری اورآلات جرمنی سے منگوائے گئے ہیں، تھیٹر میں ایئر ہینڈلنگ یونٹ بھی نصب ہے جو جراثیم اور بیکٹریا کو خارج کرنے میں کرداد ادا کرے گا، ساؤتھ آپریشن تھیٹر مستقبل میں ربوٹک سرجری کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر گوہراعجاز کا کہنا تھا کہ میرا خواب تھا کہ میں دنیا کے بہترین آپریشن تھیٹرز بناؤں، گوہراعجاز فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ عوام کیلئےانمول تحفہ ہے، اگلے سال نومبر تک ایل او ٹی یونٹ کا بھی افتتاح کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ ساؤتھ آپریشن تھیٹرزکی افتتاحی تقریب میں ایم ایس، پرنسپل اورسینئر ڈاکٹروں سمیت گوہراعجاز فاؤنڈیشن کے ممبران نےبھی شرکت کی۔