اے ایس پی شہربانو اور آرمی چیف ہمارے رشتے دار نہیں؛ جگن کاظم

ماضی میں محسن نقوی کے ٹی وی چینل ’24 نیوز‘ میں کام کرنے پرانہیں طعنے دیے گئے

Nov 11, 2024 | 16:48:PM

(ویب ڈیسک) ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے واضح کیا ہے کہ ان کا اور ان کے شوہر فیصل ایچ نقوی کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) شہربانو نقوی سے کوئی رشتہ یا تعلق نہیں،  البتہ وزیر داخلہ محسن نقوی ان کے شوہر فیصل ایچ نقوی کے بھائی ضرور ہیں۔

جگن کاظم نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایک بار پھر اے ایس پی شہربانو کو ہاتھ پر بوسہ دینے پر وضاحت کی، انہوں نے اے ایس پی شہربانو کا ہاتھ چومنے کے سوال پر واضح کیا کہ وہ ان کی رشتے دار نہیں ہیں اور ساتھ ہی کہا کہ خاتون پولیس افسر ان کے شوہر کی رشتے دار بھی نہیں، اچھا کام کرنے پر اے ایس پی شہربانو نقوی کا ہاتھ چوما تھا اور ان کی ویسے بھی عادت رہی ہے کہ وہ اچھے کام کرنے والے بچوں کے ہاتھ اور چہرے چومتی رہی ہیں، ہر خاتون یا مرد اچھے بچوں کے ہاتھ اور چہرے چومتے رہتے ہیں، اس میں کوئی برائی نہیں لیکن ان کی جانب سے اے ایس پی شہربانو کا ہاتھ چومنے پر مسئلہ بن گیا اور لوگوں نے ان کی ان سے رشتے داری بنا دی، اداکارہ و ٹی وی میزبان نے اسی بات پر مزید گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا نام بھی لیا اور کہا کہ ان کا اور ان کے شوہر کا عاصم صاحب سے بھی کوئی تعلق یا رشتہ نہیں۔

یاد رہے کہ جگن کاظم نے مارچ 2024 میں اس وقت اے ایس پی شہربانو کا ہاتھ چوما تھا جب کہ خاتون پولیس افسر نے لاہور میں 26 فروری کو عربی حروف کی کیلیگرافی کے لباس پہننے پر ایک خاتون کو مبینہ توہین مذہب کے الزام میں ہجوم نے مارنے کی کوشش کی تھی جنہیں پولیس نے بروقت پہنچ کر بچایا تھا۔

جگن کاظم نے واضح کیا کہ اے ایس پی شہربانو اور عاصم صاحب ان کے رشتے دار نہیں، البتہ وزیر داخلہ محسن نقوی ان کے شوہر فیصل ایچ نقوی کے بھائی ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں طعنے دیے جائیں، ماضی میں انہوں نے محسن نقوی کے ٹی وی چینل ’24 نیوز‘ میں کام کیا تو انہیں طعنے دیے گئے اور کہا گیا کہ انہیں کسی دوسرے چینل میں کام نہیں مل رہا تو سسرالیوں کے چینل میں کام کرنا شروع کیا،جس پر انہوں نے 6 ماہ کے اندر ہی ٹی وی چینل کو چھوڑ دیا۔

اداکارہ کا دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محسن نقوی دو سال قبل سیاست اور حکومت میں آئے ہیں لیکن وہ 20 سال سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور ان کی محنت کو نظر انداز کرکے انہیں رشتے داری کے طعنے دیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں