آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے آسٹریلوی ہم منصب کی ملاقات،عالمی و خطے کی صورتحال پر بات چیت

Nov 11, 2024 | 18:07:PM

(احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے آسٹریلوی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے عالمی و خطے کی صورتحال پر بات چیت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگرکیا۔آرمی چیف نے کہاکہ پاک آسٹریلیا مضبوط،دوطرفہ تعلقات،امن اور استحکام کے مشترکہ اہداف کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کے  مطابق فریقین نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،اس کے علاوہ پاک  آسٹریلیا عسکری قیادت نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور  دیا۔

لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹورٹ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا ،آسٹریلوی  آرمی چیف نے دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر آسٹریلین آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا، آسٹریلوی آرمی چیف  کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:آئینی بنچ تشکیل کے معاملے پر اجلاس،جسٹس امین الدین نے بڑا حکم دیدیا

مزیدخبریں