سموگ پر قابو پانے کیلئے تمام مارکیٹیں رات8 بجے بند،آوٹ ڈورسرگرمیوں پر پابندی،نوٹیفکیشن جاری

Nov 11, 2024 | 20:48:PM

(عمیر افضل)صوبائی دارالحکومت لاہور شہر میں سموگ کے پیش نظر بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی اور اس کا باضابطہ  نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، مارکیٹیں رات8بجےبندکرانےکیلئےٹاسک فورس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔ 

ضلعی انتظامیہ فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں  انتظامیہ کے مطابق ٹاسک فورس ٹیمیں تحصیل سطح پر تشکیل دی ہیں،اےسی کنوینئر،ایس ایچ او،زونل آفیسر ریگولیشن اور17ویں گریڈ کاافسرممبرہوگا،تحصیل راوی ،تحصیل سٹی ،تحصیل اقبال ٹاؤن میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی،تحصیل رائیونڈ ،ماڈل ٹاؤن ،نشتر ،واہگہ ،صدر، کینٹ، شالیمار میں ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس ڈائننگ آؤٹ ڈور کی اجازت نہیں ہوگی،ان ڈور ہالزمیں شادی کی اجازت ہو گی،فارم ہاؤسز میں اوپن ڈور شادی کی اجازت نہیں ہو گی،مارکیٹیں، بڑے مالز اور سٹورز8بجےبندکیےجائیں گے،ضلعی انتظامیہ کے مطابق  فٹنس کلب ،سکواش اور سنوکر کلب کو ان ڈور اجازت ہو گی،میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز مستثنیٰ ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہناہے کہ خلاف ورزی پر پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت کارروائی ہوگی،احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی،یہ احکامات 11 نومبر سے 17 نومبر تک نافذ العمل رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نےعوام سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں،سموگ کے باعث سانس کی بیماریوں سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں،بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر اسموگ سے محفوظ رکھیں،سموگ کے دوران گھروں میں رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں، گاڑیوں کی غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔

ڈی سی کا کہناہے کہ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کی صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے،شہریوں کا تعاون ہماری کامیابی کی ضمانت ہے، مل کر  سموگ کا مقابلہ کریں۔

 یہ بھی پڑھیں: کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بارش، پہاڑوں پر برفباری کاامکان

مزیدخبریں