سہ ملکی سیریز: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے باآسانی ہرا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں نیوزلینڈ نے پاکستان کا 131 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 117 رنز بنائے گئے، اوپنر فن ایلن 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی بیٹنگ
کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، افتخار احمد 27، بابراعظم 21 اور محمد رضوان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شان مسعود 14، شاداب خان اور حیدر علی 8،8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ آصف علی 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سودی، مائیکل بریس ویل اور مچل سینٹنر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا جبکہ نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں، بلیئر ٹکنر اور مچل سینٹنر ٹیم میں شامل کیے گئے۔
پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کیویز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان سے شکست کے بعد دوسرے میچ میں بنگلادیش کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔